Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک میں کورونا سے مزید 2 اموات، ہلاکتیں 67 ہوگئیں، مجموعی کیسز 4612 تک پہنچ گئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کےبعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 67 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4612 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 67 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 22 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 21 اور اور پنجاب میں 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج کورونا کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعہ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 115کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں  اور 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئیں۔آج اب تک پنجاب میں 55 کیسز اور خیبرپختونخوا میں 60 کیسز سمیت 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا کے مزید 55 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2279 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں نئے کیسز کی تصدیق کی۔ عثمان بزدار کے مطابق لاہور میں 363، قصور 9، شیخوپرہ 3، راولپنڈی 64، نصیر آباد 8، جہلم 28، چکوال 4، گوجرانوالہ 38، سیالکوٹ 27، نارووال 8، گجرات 99، حافظ آباد 12، منڈی بہاؤ الدین 8، ملتان 4، وہاڑی 13، فیصل آباد 27، چنیوٹ 8، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، رحیم یار خان 22، سرگودھا 8، میانوالی 9، خوشاب 3، بہاول نگر 5، بہاول پور 5، لودھراں 3، ڈیرہ غازی خان 18 جب کہ لیہ، اٹک اور جھنگ میں ایک ایک کیس ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز  اور 2 ہلاکتیں سامنے آچکی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 620 اور ہلاکتیں 22 ہوگئی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت تیمور خان نے صوبے میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی۔ تیمور خان کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ خاتون اور مردان میں ایک 40 سالہ شخص کورونا سے انتقال کرگیا۔ صوبائی وزیر صحت کے مطابق کورونا کے 552 کیسز صوبائی سطح کے ہیں جب کہ 68 زائرین کورونا میں مبتلا ہیں۔

سندھ

سندھ میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 92 کیسز سامنے آئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1128 اور ہلاکتیں 21 ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 349 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعرات کو کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان نے کی۔ ترجمان کے مطابق صوبے میں 7 کیسز کے اضافے کے ساتھ کیسز کی مجموعی تعداد 219 ہوگئی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 89 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں جمعرات کو کورونا کے مزید 35 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔ اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 118 ہوگئی۔ وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی جمعرات  کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی۔ وزیر صحت آزاد کشمیر کے مطابق عباس پور کے علاقے نمجر میں ایک اور پلندری میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلندری میں کورونا کے پہلے مریض کے 2 گھروالوں اور 2 دوستوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعرات کو 2 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 215 تک جا پہنچی ہے۔ گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 111 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔ خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.