Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نواز شریف نے کراچی واقعے پر فوج کی انکوائری رپورٹ مسترد کردی

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی واقعے کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کو خوش آئند قرار دیا

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کراچی واقعے سے متعلق فوج کی انکوائری رپورٹ مسترد کردی۔لندن میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر کہا کہ ‘کراچی واقعے کی انکوائری رپورٹ اصل حقائق پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے’۔ نواز شریف نے کہا کہ ‘خود کو بچانے کے لیے جونیئر افسران کو قربان کرنے کی یہ روش قابلِ مذمت ہے’۔ واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کراچی واقعے میں ملوث سندھ رینجرز اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔ ایک بیان جاری کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ مزار قائد کی بے حرمتی کے پسِ منظر میں رونما ہونے والے واقعے پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کے تحفظات کے حوالے سے فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل ہوگئی ہے جو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حکم پر کی گئی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ ‘جمہوری طریقہ کار یہ ہی ہے کہ جو بھی غلطی ہو تو اس کی تحقیقات ہو اور متعلقہ افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے’۔ بلاول بھٹو زرداری نےامید ظاہر کی تھی کہ یہ سلسلہ آگے بھی چلے گا۔

اس ضمن میں حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے آئی جی سندھ سے متعلق کراچی واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی کو جمہوری قوتوں کی فتح قرار دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.