Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعظم نے مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کر دیا

وفاقی حکومت نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے خیبر پختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر مرزا آفریدی کو نامزد کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔ مرزا محمد آفریدی سابق فاٹا سے تحریک انصاف کے رکن ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ مرزا آفریدی کی نامزدگی کا فیصلہ وزیراعظم کے ظہرانے میں فائنل کیا گیا، وزیراعظم نے مرزا آفریدی کے حوالے سے تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لیا اور  تمام اتحادی جماعتوں نے بھی مرزا آفریدی کے نام پر اتفاق کیا ہے۔

مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کرنے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا میں چاہتا ہوں کہ سابقہ فاٹا کی محرومیوں کو دور کیا جائے۔ خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار صادق سنجرانی ہیں جب کہ اپوزیشن نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ اور عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے الیکشن کل بروز جمعہ 12 مارچ کو ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.