Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعلی پنجاب کا100یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے بل معاف کرنے کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے میں گزشتہ چھ ماہ تک100یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے بل معاف کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں ن لیگ کے پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کی ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آج بجلی کا بل قیامت ڈھاتا ہے۔ پنجاب بھر میں100یونٹ استعمال کرنے والے 44لاکھ خاندان ہیں ۔ یعنی صوبے کے ساڑھے 5 کروڑ عوام ماہانہ 100یونٹ سے کم استعمال کرتے ہیں۔ حکومت پچھلے 6ماہ میں100یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کرے گی۔ آج سے پنجاب حکومت100یونٹ استعمال کرنے والوں کا خرچہ اٹھائے گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پنجاب حکومت مستحق افراد کو مفت میں سولر پینل بھی فراہم کرے گی ۔ تاکہ انہیں ہمیشہ کے لیے بجلی مفت مل سکے۔ حکومت عوام کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر کام کررہی ہے۔ ہم ہسپتالوں میں ادویات بھی مفت فراہم کررہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آج سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت ہے۔74سال بعد بھی ملک دوراہے پر کھڑا ہے ۔ نام اور عہدے انسان بھول جاتا ہے کام یاد رہ جاتے ہیں۔ ہمیں سسکتی معیشت کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں غربت، مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو دوبارہ اپنے پاں پر کھڑا کرنا ہے۔ عمران خان کی طرح جھوٹی تسلیاں نہیں دوں گا۔ میں کبھی عمران نیازی کی طرح 90دنوں میں سب کچھ کرنے کا دعوی نہیں کروں گا ۔
جب تک میں پنجاب میں وزیراعلی ہوں تب تک میں سچ کہوں گا۔ گزشتہ حکومت نے پنجاب کے ساتھ کھیلا۔ گزشتہ تین ماہ پنجاب میں آئینی بحران رہا۔ چور، ڈاکو، کرپٹ کرپٹ کے نعرے سن سن کر عوام کے کان پک چکے ہیں۔ لیکن میں کسی کو چور اور ڈاکو کہہ کر نہیں پکاروں گا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ہم نے گندم پر200ارب کی سبسڈی دی۔ ہم نے10کلو کے آٹے پر160روپے ریلیف دیا ۔ عوام کو مزید سہولیات بھی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام بتائے کہ 2018 میں مسلم لیگ نون کی حکومت گئی تو کیا ۔ اس وقت ترقی کی شرح5اعشاریہ 8 نہیں تھی؟۔ کیا تب لوڈ شیڈنگ صفر نہیں ہو گئی تھی؟۔ ان4برس میں ایسا کیا ہوا کہ معیشت منفی شرح میں چلی گئی ۔ لوڈ شیڈنگ دوبارہ ہو رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.