Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ویکسینیشن نہ کرانے والے طلبہ کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسینیشن نہ کرانے والے طلبہ کو کالجز میں داخلے اور امتحانات دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 17 سال اور اس سے زائد عمر کے طلباء و طالبات کو کرونا ویکسین لگوانا ضروری ہے۔ نوٹی فیکیشن کے مطابق ویکسین نہ لگوانے والے طلبہ کالج میں داخلے کے علاوہ تحریری اور عملی امتحان دینے کے بھی اہل نہیں ہونگے۔

اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ 17 سال یا اس سے زیادہ عمر کے طلبہ کی ویکسینیشن والدین کی رضا مندی سے ہوگی۔ وہ طلبہ جن کی عمریں 17 سال سے کم ہیں، انہیں اپنا بی فارم اور دیگر دستاویزات ڈائریکٹریٹ آفس میں جمع کرانا لازمی ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اتوار 5 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں 9 ویں سے 12 جماعت کے طلبہ کی ویکسین کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ مؤخر کردیا گیا۔ ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ طلبہ کے نامکمل ریکارڈ کی وجہ سے فیصلہ مؤخر کیا گیا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق 15 اکتوبر سے بغیر ویکسین شدہ 17 سال سے زائد عمر کے طلبہ کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.