اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر منظم کارروائیاں کیں۔
عطا تارڑ کے مطابق افغانستان کے صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو فضائی کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا، جن کے نتیجے میں 25 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ باجوڑ کے قریب پاک افغان سرحد پر زمینی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم جماعت الاحرار کے اہم کمانڈر خان فروش عرف زابل سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حالیہ کارروائیاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور جماعت الاحرار کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف کی گئیں۔ ان کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 29 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

