Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاک فوج کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کے ہمراہ امدادی سرگرمیاں جاری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاک فوج کے دستے ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں می امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو آپریشنز میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔پاک فوج کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں پانی کو صاف کرنے اور متاثرہ آبادی کو بنیادی غذائی ضروریات اور طبی امداد فراہم کرنے میں مسلسل مصروف عمل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی ڈی واٹرنگ ٹیمیں ضلع جامشورو، گھارو گرڈ سٹیشن اور جنوبی کراچی سمیت شاہراہ فیصل اور نیپا چورنگی، لسبیلہ، تربت اور کوئٹہ میں سیلاب کی امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔
پاک فوج کی ٹیموں نے طبی سہولیات سمیت ریلیف کیمپ قائم کیے ۔ مقامی رہائشیوں میں ضروری خوراک اور راشن تقسیم کیا۔ امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی وجہ سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف اسٹینڈ بائی اور رسپانس ٹیمیں سندھ اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔
پاک فوج کے دستوں اور موبائل میڈیکل ٹیموں نے جامشورو، گھارو، کیماڑی اور نیپا چورنگی کے علاقوں میں سینکڑوں مقامی لوگوں کو امدادی سامان اور مفت ادویات فراہم کیں۔ طبی ٹیم نے بلوچستان کے کوئٹہ، تربت اور لسبیلہ میں بھی1500سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.