Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہوگی

اسلام آباد: سینیٹ کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو عہدے سے ہٹانے کی قراردادوں پر رائے شماری آج ہوگی۔

حزب اختلاف کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جاچکی ہے جس کے جواب میں حکومت اور ان کے اتحادیوں نے پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ان کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔

اپوزیشن سمجھتی ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایوان کا اعتماد کھو بیٹھے ہیں جبکہ حکومت کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا پر اعتماد نہیں رہا۔

دوپہر دو بجے شروع ہونے والے اجلاس میں سینیٹ (ایوان بالا) میں اعتماد کی بڑی جنگ آج ہوگی جس میں حکومت اور اپوزیشن کا نمبرز گیم کی بنیاد پر ٹکراؤ ہوگا لیکن اس جنگ سے قبل ہی سیاسی گرما گرمی عروج پر ہے اور دونوں جانب سے عددی اکثریت کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

اس سیاسی گرما گرمی میں دونوں جانب سے عددی اکثریت ظاہر کرنے کے لیے سینیٹ ارکان کی میٹنگز، کارنر میٹنگز، ناشتے، ظہرانے اور عشائیے رکھے جارہے ہیں۔ اپوزیشن نے صادق سنجرانی کی جگہ میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.