Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کالعدم جماعت کا احتجاج، وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

کالعدم تنظیم کا گوجرانوالہ میں پڑاؤ، راولپنڈی میں غیر یقینی صورتحال

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور زیر غور آئیں گے۔ گذشتہ روز وزیرداخلہ شیخ رشید نے مظاہرین کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بس بہت ہوگیا، مظاہرین واپس چلے جائیں، حکومت جھکےگی نہ یرغمال بنےگی ، ریاست کی رٹ ہرصورت قائم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام مطالبات تسلیم کر لیے تھے احتجاج کاکوئی جواز نہیں اگر مظاہرین واپس مرکز چلےجائیں ‏توان سے بات چیت کیلئے تیار ہے، جی ٹی روڈ بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جی ٹی روڈ اہم شاہراہ ‏ہے اسے بند نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دو ٹوک کہا تھا کہ سڑکیں خالی ہونے تک مذاکرات نہیں کریں گے اور پولیس اہلکاروں کوشہید کرنےوالوں کو بھی حوالے کرنا ہوگا، محب وطن لوگ خود کو احتجاج سے لاتعلق کریں اور گھروں کوجائیں۔

دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد جانے والے کالعدم تنظیم کے مظاہرین نے گوجرانوالہ میں پڑاؤ ڈال رکھا ہے  جب کہ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث راولپنڈی میں غیر یقینی صورت حال ہے۔

گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہیں آج بھی بند ہیں، راستے بند ہونے سے شہریوں کو جہاں سفری مشکلات کا سامنا ہے وہیں سبزی منڈی میں گاڑیاں نہ پہنچنے سے اشیاء خورو نوش، سبزیاں اور ہرے مصالحہ جات کی بھی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہےکہ جو اشیاء مل رہی ہیں ،ان کی قیمتیں کئی گنابڑھ گئی ہیں۔

احتجاج کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت اور انٹر نیٹ سروس معطل ہے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہ ہونے سے بیشتر پیٹرول اسٹیشن بھی خالی ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر راستےاسی طرح بند رہے تو یہ مشکلات بڑے بحران میں تبدیل ہو جائیں گی۔

راولپنڈی کی صورتحال

راولپنڈی میں مری روڈ کے ارد گرد کے کاروباری مراکز اور بیشتر تعلیمی ادارے بند ہیں اور  فیض آباد انٹر چینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہے۔ چاندنی چوک سے فیض آباد تک مری روڈ سیل ہے اور فیض آباد سے سکستھ روڈ تک پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، راولپنڈی میں میٹرو بس سروس صدر سے فیض آباد تک بند ہے جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی بیشتر مرکزی شاہراہیں سیل ہونے سے شہریوں کو مشکلات ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.