Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کالعدم ٹی ٹی پی کو معافی کی بات پر اپوزیشن کی وزیراعظم پر کڑی تنقید

زیراعظم عمران خان کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو معافی دینے کی بات پر اپوزیشن نے کڑی تنقید کی ہے۔

سابق وزیرخارجہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کو عام معافی دینا بہت بڑا فیصلہ ہے، اس کے لیے پوری قوم خصوصاً شہدا کے لواحقین کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کو برداشت کرنے پر تیار نہیں لیکن طالبان کو معاف کرنے کی بات کررہی ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کی رہنما اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ اگر کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہوتے تو بھی وزیراعظم کے انٹرویو سے اس عمل کو نقصان ہوگا۔

ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کو این آر او دے رہی ہے، کالعدم ٹی ٹی پی نے اے پی ایس کے بچوں کوشہید کیا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن لیڈر کے ساتھ نہیں مولوی فقیر کےساتھ بات کرنا چاہتے ہیں، عوام اپنی آواز اپوزیشن کی آواز کےساتھ ملائیں، وزرا کو شرم آنی چاہیے جو کہتے ہیں کہ ٹی ٹی پی والے آئین سے وفاداری کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ترک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کچھ گروپس حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی ٹی ٹی پی کے کچھ گروپس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ہتھیار ڈال دے تو معاف کر دیں گے، کالعدم ٹی ٹی پی والے عام شہری کی طرح رہ سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.