Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کالے بابو شاہینوں کو لے اڑے،105 پر پاکستانی ٹیم آؤٹ

 

ناٹنگھم:کرکٹ ورلڈ کپ کےدوسرےمیچ میں پاکستانی ٹیم کالی آندھی کےسامنےریت کی دیوارثابت ہوئی اورپوری ٹیم صرف 105رنز پرآؤٹ ہوگئی۔

ناٹنگھم میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے دوسرے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ویسٹ انڈیز کے خلاف بری طرح ناکام دکھائی دی اور پوری ٹیم 22ویں اوور میں صرف 105 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی جو ورلڈکپ قومی ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل قومی ٹیم 2015 کے ورلڈکپ میں 160 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور فخرزمان بھی 22 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
تیسرے نمبر پر حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے لیکن ان کی اننگز بھی صرف 8 رنز تک محدود رہی جس کے بعد بابراعظم بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سرفراز احمد نے بھی انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 رنز پر وکٹ گنوادیں۔

بطورسینئربیٹسمین محمد حفیظ سےسب کوامیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ بھی16رنزپراپنی وکٹ گنوا بیٹھے،عماد وسیم1،شاداب خان0،حسن علی1اوروہاب ریاض18رنزبنانےکےبعد آؤٹ ہوئے۔ویسٹ انڈیزکی جانب سےاوشانے تھومس نے4،کپتان جیسن ہولڈرنے3اورآندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے جب کہ اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ میں سے آصف علی نہیں کھیل رہے ہیں تاہم اگر شروعات اچھی رہی تو بڑا اسکور بنائیں گے، اپنی بولنگ پر پورا اعتماد ہے، محمد عامر اور وہاب ریاض تجربے کار بولر ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.