Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کراچی کے علاقے شیرشاہ میں دھماکا، 14 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والوں میں ایم این اے عالمگیر خان کے والد بھی شامل

کراچی کے علاقے شیر شاہ کے پراچا چوک پر نجی بینک کی عمارت میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عالمگیرخان کے والد سمیت 14 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ عمارت کے پلرز اکھڑ گئے اور بینک کی عمارت تقریباً مکمل تباہ ہوگئی، زوردار دھماکے سے قریبی واقع پیٹرول پمپ کے علاوہ متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو بھی نقصان پہنچا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق نالے پر قائم نجی بینک میں دھماکا گیس لیکیج سے ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکا گیس بھر جانے کے باعث ہوا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے میں دہشت گردی سمیت کسی قسم کی تخریب کاری کے شواہد ابھی تک نہیں ملے ہیں۔ ڈی آئی جنوبی کراچی شرجیل کھرل نے دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی تاہم دھماکے کی وجوہات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے تفتیش جاری ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنی ٹوئٹ میں کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔

قبل ازیں ڈاکٹر رُتھ فاؤ سول ہسپتال برنس سینٹر کے میڈیکل سرجن (ایم ایس) ڈاکٹر صابر میمن نے بتایا تھا کہ ہسپتال میں 8 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں۔ علاقے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ظفر علی شاہ نے بتایا کہ بینک کی عمارت نالے پر تعمیر تھی جنہیں کچھ عرصے قبل نوٹس دیا گیا تھا کہ نالے کی صفائی کے لیے بینک کو خالی کردیں۔

دھماکے کے فوری بعد علاقہ مکین اور ریسکیو ٹیمز جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دھماکے کے مقام پر سوئی گیس کی کوئی لائن نہیں، سوئی سدرن

دھماکے کی اطلاع کے بعد سوئی سدرن گیس انتظامیہ کی ٹیم بھی جائے وقوع پہنچی اور سوئی سدرن حکام نے گیس پائپ لائن کا جائزہ لینے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ ٹیکنیکل اسٹاف کےمطابق دھماکے کے قریب کوئی گیس پائپ لائن نہیں۔ سوئی سدرن کے مطابق جائے وقوع پر گیس کے آثار بھی نہیں اور علاقےکی گیس سپلائی بھی نارمل ہے، دھماکے کو سوئی سدرن  پائپ لائن سے نہیں جوڑا جا سکتا۔

برانچ کو چند روز میں دوسری جگہ منتقل ہونا تھا: بینک ذرائع

بینک ذرائع کا بتانا ہے کہ دھماکےسے تباہ نجی بینک کی برانچ کو آئندہ چند روز میں نئی جگہ منتقل کیاجاناتھا، نجی بینک کی نئی برانچ شیر شاہ میں جناح روڈ پر تیارکی گئی ہے، جس میں تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے، نیٹ ورک کا کام مکمل ہوتے ہی برانچ کو آئندہ دنوں میں شفٹ کیا جانا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.