Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: خیبرپختونخوا میں 2 ہلاکتیں، متاثرین کی تعداد 307 ہوگئی

ریسکیو 1122 نے 1190 ہیلپ لائن قائم کردی

پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 307 ہو گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں 2 اور اسلام آباد میں مزید ایک کیس سامنے آنے کے بعد تعداد 307 تک پہنچی جس کے بعد اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 8 اور گلگت میں 15 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے 2 ہلاکتیں ہوئیں جن میں ایک مردان اور دوسری پشاور میں ہوئی۔

سندھ

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 208 ہوگئی ہے۔

سندھ میں آج سے سرکاری دفاتر  بند رکھنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جب کہ گزشتہ روز سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات کو 15 روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔  سکھر کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق تفتان سے مزید زائرین کو قرنطینہ سینٹر لایا گیا ہے جہاں زائرین کی تعداد 1050 ہوگئی ہے جب کہ کراچی سے ماہرڈاکٹروں کی ٹیم قرنطینہ سینٹرپہنچ گئی۔ ضلع انتظامیہ کا کہنا ہےکہ تفتان بارڈر سے آئے مسافروں کی اسکریننگ کاعمل جاری ہے۔

پنجاب میں تعداد 33 ہوگئی

لاہور میں کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز کی تصدیق  کے بعد صوبے بھر میں مریضوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا پانچوں افراد لاہور کے میو اسپتال میں زیر نگرانی تھے اور ان کا کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آیا جس کے بعد مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 5 مریضوں میں پیپلز پارٹی کے مرحوم سینیٹر کی بیٹی بھی شامل ہیں جو چند روز قبل برطانیہ سے پاکستان پہنچی تھیں۔

ریسکیو 1122 نے 1190 ہیلپ لائن قائم کردی

ریسکیو 1122 نے کورونا وائرس کے حوالے سے ہیلپ لائن 1190 قائم کر دی جس کا باقاعدہ افتتاح آج کر دیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا میں متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہوگئی

گزشتہ روز ضلع بونیر میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔ ڈی سی بونیر محمد خالد خان کا بتانا ہے کہ کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ شخص کو ڈگر اسپتال آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے، متاثرہ شخص ایک ہفتہ قبل متحدہ عرب امارات سے آیا تھا۔

گلگت بلتستان میں تعداد 15 ہوگئی

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 15 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں 8 کیسز

اسلام آباد میں 4 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں تعداد 23 ہوگئی

بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 نئے کیسز سامنے آنے کےبعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.