Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ہزارہ برادری کاوزیراعظم کی آمدتک دھرنا ختم نہ کرنے کافیصلہ

شیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیااور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں اور ان سب معاملات کو دیکھیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ مچھ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور دھرنا دینے والے مظاہرین سے ملاقات کے لیے کوئٹہ پہنچے۔ اس موقع پر شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ مچھ سانحہ ظلم اور زیادتی ہے ، اس سانحے پر شرمندہ ہوں، دہشتگردوں نے چار مرتبہ مجھ پر بھی حملہ کیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری گلی سے بھی 4 جنازے اٹھے ہیں۔

شیخ رشید نے مظاہرین کو بتایا کہ وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کہ کسی صورت سانحہ مچھ کے مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے، یقین دلاتا ہوں سانحہ مچھ کے ذمہ داران نہیں بچیں گے، لاپتہ افراد کے معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کراؤں گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آپ عظیم لوگ ہیں جو قربانی دیتے ہیں اور ملک کے ساتھ وفاداری نبھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مچھ سانحے کے متاثرین کو 15 لاکھ روپے صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت 10 لاکھ روپے دے گی۔ شیخ رشید مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ شہداء کی تدفین کریں  اور ایک دن تجویز کرکے اسلام آباد آجائیں۔

شیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔ اس موقع پر رہنما ہزارہ برادری نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں،ان سب معاملات کو دیکھیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ صوبائی حکومت کے استعفے کے سوا تمام مطالبات مانتا ہوں، آج یا کل صبح وزیراعظم کو مظاہرین کے پیغام سے آگاہ کروں گا۔ بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید وفد کے ہمراہ دھرنے سے واپس روانہ ہوگئے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز مچھ کےعلاقےگیشتری کی کوئلہ فیلڈ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 11کان کنوں کو ہاتھ پیر باندھ کربے دردی سے قتل کیاگیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.