Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

’ہماری توجہ سیلاب پر ہونے کی وجہ سے عمران کو ضمنی الیکشن میں کامیابی ملی‘

عمران کا جلد الیکشن کا مطالبہ مسترد

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ضمنی الیکشن میں عمران  خان کی کامیابی  پر ردعمل کا ا ظہار  کیا ہے۔ ایک بیان  میں احسن اقبال نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عمران خان کو کامیابی اس لیے ملی کہ یہ یکطرفہ الیکشن میں تھا کیونکہ ہماری ساری توجہ سیلاب زدگان کی بحالی پر تھی۔

انہوں  نے کہا کہ عمران خان اتنا سنگدل ہے اس نے سیلاب متاثرین کی مدد کے بجائے اپنے جلوس جاری رکھے، ہو سکتا ہےجلسوں پرلگی رقم وہی ہوجو سیلاب کے لیے ٹیلی تھون میں جمع کی گئی تھی۔

وفاقی وزیر  کا کہنا تھا کہ عمران خا ن سیلاب زدگان پر یہ پیسے لگاتے تو شاید دو سے چار اضلاع بحال ہو جاتے، عطیات دینے میں لوگوں کی گرمجوشی ختم ہوگئی ہے، سیلاب متاثرین کو سردی سے بچانے کیلئے لوگوں کو آگے آنا ہوگا۔

دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعتوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا الیکشن جلد کرانے کا مطالبہ مسترد کردیا۔

حکومتی جماعتوں نے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ عمران خان کا الیکشن جلد کرانے کا مطالبہ دوٹوک طور پر مسترد کرتے ہیں، ملک میں انتخابات کب ہونے ہیں، اس کا فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتیں کریں گی، کسی جتھے کو طاقت کی بنیاد پر فیصلہ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مشترکہ بیان میں آصف زرداری اور نوازشریف کے خلاف بیان اور الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان قانون کے مطابق آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ کریں گے، تقرری فارن فنڈڈ فتنے کی دھونس، دھمکی اور ڈکٹیشن پر نہیں ہوگی، آرمی چیف اور حساس اداروں کی قیادت کو نشانہ بنانے کا مقصد ’بلیک میلنگ‘ ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کو نشانہ بنانے کا مقصد بھی ’بلیک میلنگ‘ ہے، یہ قطعاً سیاسی رویہ نہیں بلکہ سازش کا حصہ ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مشترکہ بیان کے مطابق آئین اور قانون میں واضح ہےآرمی چیف اوردیگرعہدوں پرتقرری وزیراعظم کادستوری اختیارہے، اقتدار سے محروم شخص قومی اداروں کو سوچے سمجھے ایجنڈے کے تحت نشانہ بنارہاہے، پاک فوج کے شہدا کےخلاف غلیظ مہم جیسے اقدامات ملک دشمنی کے مترادف ہیں، فوج میں بغاوت کے بیانات جیسے اقدامات ملک دشمنی کے مترادف ہیں اور ایسے بیانات سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹاجائے گا۔

حکومتی اتحاد نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب تک رسائی کے عمل کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا،  ضمنی انتخابات کے بعد اتحادی حکومت کی قومی اسمبلی میں نشستیں 176 ہوگئیں، فتنے کے  تکبر کی وجہ سے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 8 نشستیں کم ہوگئیں۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے جلد انتخابات کرانے کی تاریخ دینے کی واننگ دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.