Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ہمارے پاس آؤ تو استعفیٰ لے کر آؤ ، مولانا فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے لہجے کو تصادم کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قبضہ گروپ کے لیے نہیں بنا اور مذاکرات کے لیے آؤ تو استعفیٰ لے کر آیا کرو۔ اسلام آباد میں ‘آزادی مارچ’ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘کل میں نے یہ بات کہی تھی کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی آتی جاتی رہتی ہے لیکن اس کے اندر ہمارے موقف کو سمجھنے کی صلاحیت ہے اور نہ ہی وہ ہماری پوری بات اپنی قیادت تک پہنچانے کی جرات رکھتی ہے، لہٰذا ہم نے انہیں پیغام دیا کہ ہمارے پاس آؤ تو استعفیٰ لے کر آؤ خالی ہاتھ نہ آیا کرو’۔

انہوں نے کہا کہ ‘آج قومی اسمبلی میں کمیٹی کے سربراہ نے جس لب و لہجے کے ساتھ تقریر کی ہے اس لب و لہجے نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے کہ وہ مفاہمت کے جذبے سے عاری ہیں اور ان کی گفتگو مفاہمت کی نہیں بلکہ تصادم کی لگ رہی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کے اندر واقعی مفاہمت کی خواہش ہے تو آپ کا لب و لہجہ اور پارلیمانی گفتگو بھی اس کی تائید کرے’۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ‘اس اسمبلی میں اب تک کوئی قانون سازی نہیں ہوئی، ان کا صدر آرڈیننس جاری کرتا ہے اور جب وہ آرڈیننسز جمع ہوجاتے ہیں تو جلدی جلدی میں انہیں بھگتاتے ہیں، لیکن ایسی اسمبلی کی قراردادوں اور قانون سازی کی کوئی حیثیت نہیں ہے، یہ جبر کے ضابطے اور قوانین ہیں اور میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ایسی جعلی اسمبلی کی قانون سازی بھی جعلی اور متنازع ہوتی ہے’۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘ہم اس ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، میں مانتا ہوں کہ ہماری افواج پاکستان نے قربانیاں دی ہیں اور اختلاف رائے کے باوجود ہم نے ان پر توقع رکھی کہ وہ اپنی قربانیوں کے نتیجے میں اس قوم کو امن دے گی اور میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ہمارا تعاون نہ ہوتا ہماری قربانیاں نہیں ہوتی تو آپ اکیلے اس ہدف کو حاصل نہیں کرسکتے تھے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے تمام شہدا، ہمارے تمام اکابرین جنہوں نے جام شہادت نوش کی، ہمارے تمام ساتھی جن پر خود کش حملے کیے گئے اور ان حملوں پر 30،30 لوگ بیک وقت شہید ہوئے، آج اس دن کے لیے دیے تھے کہ اس قسم کے ناجائز لوگ پاکستان پر حکومت کریں گے، ہم نے اس کے لیے قربانیاں نہیں دی تھیں’۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.