Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

یوسف رضا گیلانی نے امریکی خاتون کے الزامات کو گھٹیا قرار دے دیا

امریکی خاتون نے ن لیگی قیادت کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی شہری سنتھیا رچی کے الزامات کو گھٹیا قرار دیکر کر مسترد کر دیا۔ یاد رہے پاکستان میں مقیم امریکی خاتون سنتھیا رچی کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی تھی۔ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔

امریکی خاتون کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ان گھٹیا الزامات کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کےعہدے کا آدمی ایوان صدر میں کیا ایسی حرکت کر سکتا ہے؟ الزام لگانے والی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں؟

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خاتون نے شہید بے نظیر بھٹو پر بھی عجیب و غریب الزامات لگائے، اس معاملے پر میرے بیٹوں نے عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خاتون کے الزامات اسی کا رد عمل ہیں لیکن قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف الزامات کی بوچھاڑ کرنے والی امریکی خاتون سنتھیا رچی نے ن لیگی رہنماؤں کے لیے بھی خطرے کی گھٹی بجا دی ہے۔امریکی خاتون نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ میرے پاس اوربھی بہت  کچھ ہے لیکن چند دن آرام کی ضرورت ہے، پی پی قیادت اپنے کارکنوں سے کہے کہ وہ مجھے اکیلا چھوڑ دیں۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔

سنتھیا رچی نے کہا کہ انھوں نے جو الزامات لگائے ہیں اس حوالے سے 2011 میں امریکی سفارتخانےکو آگاہ کیا تھا لیکن پاک امریکا پیچیدہ تعلقات کی وجہ سے مجھے مناسب جواب نہیں ملا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.