Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

یومِ پاکستان: مسلح افواج کا بھرپور عزم، وطن عزیز کی دفاعی قوت کا شاندار مظاہرہ

قرار دادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 82 سال پورے ہونے پر ملک بھر میں ترقی، خوشحالی اور ملک کے مضبوط دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

یہ دن 23 مارچ 1940 کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے علیحدہ وطن کا ایجنڈا طے کیا تھا۔  دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان تھے، پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سر انجام دیے۔

یومِ پاکستان پریڈ

اس دن کی اہم خصوصیت اسلام آباد میں ہونے والی شاندار فوجی پریڈ ہے جس میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے دستے مارچ پاسٹ جبکہ لڑاکا طیارے فضائی مشقوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

یومِ پاکستان کی خصوصی پریڈ کی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزرا اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ سمیت او آئی سی تنظیم کے وزرائے خارجہ بھی شامل ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمد کا اعلان خصوصی بگل بجا کر کیا گیا جس کے بعد وہ روایتی بگھی میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں آئے۔ یوم تجدیدِ عہد وفا کے موقع کی خصوصی پریڈ کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے دستے نے خصوصی پریڈ کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی کو سلام پیش کیا۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے اور اس کے بعد تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا.

ان کے علاوہ تقریب میں اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور اپنے کاموں سے ملک کا نام روشن کرنے والے پاکستانیوں کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ماہر پائلٹس نے چینی ساختہ جے 10 سی، جے ایف 17تھنڈرز ، ایف 16اور میراج طیاروں سمیت مسلح افواج کے سامانِ حرب میں شامل مختلف طیاروں پر فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا اور صدر پاکستان کو سلامی پیش کی۔

مختلف صوبوں کی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرنے والے مختلف فلوٹس کا مارچ بھی پریڈ کا حصہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.