شانگلہ اور ملاکنڈ میں گاڑیاں کھائی اور نہر میں گرنے کے دو مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مالاکنڈ کی تحصیل درگئی خٹکو شاہ میں موٹر کار نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے، افسوسناک حادثہ افغان مہاجر کیمپ کے مقام پر تیزبارش کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو ٹیم اور مقامی رضا کاروں نے سرچ آپریشن کرکے جاں بحق تمام افراد کی لاشیں نکال لیں، مرنے ہونے والوں میں 2 بچے 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں کو نہر سے نکال کر درگئی اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب شانگلہ میں الپوری کے نواحی علاقے ملک خیل کوٹکے کے مقام پر مسافر جیپ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ افطار سے کچھ دیر پہلے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کا شکار چیپ شانگلہ کی تحصیل پورن سے مینگورہ جا رہی تھی، مقامی لوگوں اور ریسکیو کے امدادی ٹیموں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے جاں بحق اور زخمی افراد کو نکالا۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سیدو ٹیچنگ اسپتال سوات منتقل کردیا گیا، حادثے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ ایک زخمی بعد میں دم توڑ گیا۔ حادثے کے شکار ہونے والوں کا تعلق تحصیل پورن سے ہیں، جن میں عامر سہیل، فضل، فیصل، رحمت اللہ اور سلمان شامل ہے اور زخمی ہونے والوں میں ظفر، بشارت، نصیب زر شامل ہیں۔