Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت پر کوئی پابندی نہیں، زلفی بخاری

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے پاکستانیوں کو ورک ویزوں کے اجرا روکنے سے متعلق میڈیا رپورٹس کی تردید کردی۔ انہوں نے کہا کہ ‘پاکستانی افرادی قوت کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں لگی ہے’۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹس میں زلفی بخاری نے کہا کہ ‘میڈیا رپورٹس کے برخلاف یو اے ای کے وزیر برائے انسانی وسائل ناصر بن تھانوی الحملی نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات ان کارکنوں کو ترجیح دے رہا تھا جو ورچوئل لیبر مارکیٹ ڈیٹابیس پر رجسٹرڈ تھے اور کووڈ 19 کی وجہ سے ہونے والی معاشی بحران کی وجہ سے انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔  وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت میں 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

چند روز قبل میڈیا رپورٹس آئی تھیں کہ متحدہ عرب امارات نے عارضی طور پر پاکستان سمیت 12 ممالک کے شہریوں کو ویزا جاری کرنا بند کردیا ہے۔

دفتر خارجہ نے گزشتہ ہفتے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے فیصلے کو ‘کووڈ 19 کی دوسری لہر کے تناظر میں سمجھا جائے’۔

دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا تھا کہ ‘ہم اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام سے باضابطہ تصدیق کے خواہاں ہیں’۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.