Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سوات، مسجد میں فاتحہ خوانی کے دوران چچا بھتیجا قتل

سوات: منگورہ کے نواحی علاقے سلام پور میں مسجد کے اندر فائرنگ سے ایک خاندان کے دو افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایچ او تھانہ سیدوشریف کے مطابق واقعہ اسلام پور میں اس وقت پیش آیا جب گاؤں کی مسجد میں سابق پولیس اہلکار ظاہر شاہ کے والد گلزار شاہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی جاری تھی۔

اس دوران ملزمان نے مسجد میں داخل ہوکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر طاہر شاہ اور اس کا بھتیجا پولیس کانسٹیبل نثار ولد ظاہر شاہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگردو افراد عالم شاہ ولد گلزار شاہ اور سکندر ولد مومن زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول فریق کے افراد نے کچھ عرصہ قبل بچوں کی لڑائی میں میں ایک شخص کو قتل کردیا تھا جس کے بعد جرگہ نے انہیں علاقہ بدر کیا تھا اورمعاہدہ طے پایا گیا تھا کہ وہ گاؤں میں واپس نہیں آئیں گے۔ مگر وہ اپنے والد کے جنازے کے لیے آئے تھے جس پر مخالف فریق نے فائرنگ کردی۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا اور چار ملزمان محیب الرحمن، فضل مجید، ارشد اور گل وارث کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.