Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خیبرپختونخوا: گرانفروشی سمیت دیگر شکایات کیلئے موبائل ایپ لانچ

 

خیبرپختونخوا پرفارم مینجمنٹ اینڈ ریفارم یونٹ نے عوام کی سہولت کیلئے مرستیال (مددگار) کے نام سے نئی موبائل ایپ لانچ کردی، جس کے ذریعے عوام کو حکومت کی جانب سے مختلف سہولیات سے متعلق معلومات میسر ہونگی جن میں سرکاری نرخ نامہ بچت بازار، کسان بازار، رمضان بازار اور یوٹیلیٹی اسٹورز شامل ہیں۔

عوام ایپ کے ذریعے زائد منافع خوری، ذخیرہ اندوزی، سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے اور گراں فروشوں کیخلاف متعلقہ انتظامیہ کو رپورٹ کرسکیں گے۔ ایپ کو ڈی سی آفسز میں موجود مقامی انتظامیہ کے کنٹرول روم سے لنک کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے لوگ اوپن مارکیٹ اور بچت بازاروں کا تقابلی جائزہ بھی دیکھ سکیں گے جبکہ عوام اپنے قریب ترین بچت بازاروں کے بارے میں بھی تفصیلات جان سکتے ہیں۔

ایپ کو سٹیزن پورٹل سے بھی لاگ ان کیا جاسکتا ہے اور جو لوگ سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ ہیں ان کو مرستیال ایپ پر رجسٹرڈ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ معان خصوصی اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ ایپ کا مقصد مہنگائی کی موجودہ لہر کو کنٹرول کرنا اور عوام کو روزانہ کے بنیاد پر سرکاری نرخ نامہ سے آگاہ رکھنا ہے اسکے علاوہ سستا بازار اور کسان بازار کی لوکیشن بتانا ہے۔

کامران بنگش کا کہنا ہے کہ  اگر سستا بازاروں میں مذکورہ اشیاء کی کمی ہے تو وہ اس کو بھی رپورٹ کرسکتے ہیں تاکہ انتظامیہ کو پتہ چل سکے کہ کس چیز کی کہاں پر ضرورت ہے اور اس کے مطابق اقدامات کئے جاسکیں۔

وزیر لیبر شوکت یوسفزئی نے اس حوالے سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مرستیال ایپ کا مقصد رمضان المبارک میں غیر ضروری قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور چیزوں کی کوالٹی کو بھی برقرار رکھنا ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عوام اس کے ذریعے اپنی شکایات درج کرسکتے ہیں جو براہ راست وزیراعلیٰ محمود خان تک پہنچ جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے عوام کو یقین دلایا کہ آپ کی شکایات کا باقاعدہ جواب طلب کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف انتظامیہ کاروائی کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.