Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

عید الفطر، ہفتہ اور اتوار کو پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رکھنے کا فیصلہ

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس جمعرات کے رو ز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔  اجلاس میں 8 مئی سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن کے حوالے سے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ این سی او سی کی طرف سے دی گئی چند مخصوص استثنیٰ کے علاوہ تمام کاروبار اور سرگرمیاں بند رہیں گی اور جمعتہ الوداع اور عید کی نمازیں مخصوص ایس او پیز کے تحت ادا کی جائیں گی۔تاہم کل بروز ہفتہ اور بروزاتوار پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی تاکہ شہری اپنے گھروں کو واپس جاسکیں۔

وزیراعلیٰ نے عید کے دوران احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دوران ہماری معمولی سی غفلت اور کوتاہی کسی بڑے مسئلے سے دوچار کر سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید سادگی سے منائیں اور چھٹیاں اپنے گھروں پر گزاریں، سیاسی قائدین اور منتخب عوامی نمائندے بھی اپنے حجروں میں عوام سے عید ملنے اور دیگر اجتماعات سے گریز کریں۔ کورونا وبا کی حالیہ لہر پر قابو پانے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔

اجلاس میں کورونا کیسز کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ 8 مئی سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن کے حوالے سے این سی او سی کے فیصلے کے نفاذ کیلئے لائحہ عمل پر غور و خوص کیا گیا اور چند اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران یعنی 8 سے 16 مئی تک صوبے میں لاک ڈاؤن ہوگا تاہم ادویات، تندور، دہی /دودھ، فوڈ ٹیک اوے، ہوم ڈیلیوری، یوٹیلیٹی اور ٹیلی کام سروسز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اسی طرح بیکریاں، کریانہ اورمٹھائی کی دکانیں شام چھ بجے تک کھلی رہیں گی۔

تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کی گاڑیوں کو بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں عید پر اپنے گھروں کو واپس جانے والے شہریوں کی سہولت کیلئے آنے والے ہفتہ اور اتوار کے روز پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر کے سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.