Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلوچستان میں بارشیں؛ جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی

بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے تباہی مچارکھی ہے اور سیلابی ریلے مزید کئی دیہات میں داخل ہوگئے ہیں۔

لسبیلہ کے گوٹھ چاکر خان ، سرمستانی ، میر عبدالقیوم اور گوٹھ حسن میں سیلابی پانی داخل ہو گیا جب کہ وندر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے قومی شاہراہ بند کر دی۔ حالیہ بارشوں سے ضلع خاران میں بڈھو نالہ بپھر پڑا، ضلع ژوب میں سیلابی پانی میں بہنے والے چار افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔

پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ بلوچستان کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 62 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 23 خواتین، 15مرد اور 24 بچے شامل ہیں۔ بارشوں سے اموات بولان ، کوئٹہ، ژوب، دکی، خصدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 48 افراد زخمی ہوئے جب کہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 670 سے زائد مکانات منہدم ہوئے۔ ریلیف کا کام تیزی سے جاری ہے، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے بتایا کہ حالیہ مون سون بارشوں سے حب ڈیم کی سطح آب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور ڈیم میں قابل استعمال پانی کی سطح 334فٹ پر پہنچ گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے کی گنجائش 339 فٹ ہے، ڈیم مزید 5 فٹ بھرنے کے بعد پانی کو سمندر میں بہانے کے لیے اسپیل وے کھول دیئے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.