Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان نے بھارت کے عالمی دہشتگردی میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کردیا

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے واضح طور پر غیر ذمہ دارانہ اور بے جا ریمارکس کو مسترد کردیا ۔ بھارت نے بین الاقوامی دہشت گردی میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ یہ بے بنیاد ریمارکس عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے دہشت گردی کے حوالے سے حقائق گھڑنے کے بھارتی لیڈروں کے جنون کا ایک اور مظہر ہیں۔ جس کا مقصد انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے سرپرست کے طور پر اپنی پہچان کو چھپانے کی کوشش میں پڑوسیوں پر انگلی اٹھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر سے زیادہ ریاستی دہشت گردی کہیں بھی نہیں ہے۔ جہاں 9 لاکھ سے زیادہ قابض بھارتی افواج بے گناہ کشمیریوں کو دہشت گردی۔  تشدد اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ دنیا بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بی جے پی۔آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کی طرف سے منظم اور پھیلائی جانے والی ”دہشت گردی“ سے بھی واقف ہے۔ انسداد دہشت گردی کی کامیاب کارروائیوں سے لے کر دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہمارے کردار تک عالمی امن میں پاکستان کی شراکت کا عالمی برادری نے بڑے پیمانے پر اعتراف کیا ہے۔ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کی لہر کو دشمن عناصر اور ریاستوں کی طرف سے روکا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت درحقیقت اپنی سرزمین اور خطے کے دیگر ممالک سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی حمایت میں ملوث رہا ہے۔ بھارت کی دہشت گردی کا شکار ہونے کی مذموم مہم اور پاکستان پر منافقانہ طور پر الزامات لگانے کا مقصد عالمی برادری کو دھوکہ دینے کی کوشش کرنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو بھارتی بحریہ کا ایک حاضر سروس افسر اور را کا آپریٹو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی، حمایت، اس کو ابھارنے اور ان کو انجام دینے میں ملوث رہا ہے۔ جو دہشت گردی کے ریاستی اسپانسر کے بھارت کے حقیقی چہرے کی واضح یاد دہانی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.