خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانا صدر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی تھانا صدر پر دہشت گرد حملے کی اطلاع پر موقع پر روانہ ہوئے تھے کہ پیر والا موڑ کے قریب ڈی ایس پی کی گاڑی بارودی مواد کے دھماکے کا نشانہ بنی ۔ دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں میں کرامت، وقار،علی مرجان جبکہ زخمیوں میں ہیڈکانسٹیبل فاروق،کانسٹیبل گلتیاز،اصغر،امانت اللہ،عارف، سردارعلی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل دہشت گردوں نے تھانا صدر پر حملہ کیا تھا، پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے ۔ ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔