اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کو ہدایت کی ہےکہ اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، اگر دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 14 مئی کو بھی الیکشن نہیں ہوتے تو آئین ٹوٹ جائےگا، اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا بھی زور ہوگا اسی کی بات چلےگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ سپریم کورٹ کے فیصلے مانے ہیں، ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم اور ہمارا کوئی موازنہ نہیں، میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کر سکتا ہوں۔
عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کی موجودگی میں کہا کہ ان دونوں کو کہہ رہا ہوں اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنےکی کوئی ضرورت نہیں، اب بال حکومت کےکورٹ میں ہے، ایک دن الیکشن کرانے ہیں تو کرائیں، پارلیمنٹ نہیں آئین سپریم ہوتا ہے۔