خیبر کے باڑہ بازار میں تھانے کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق خیبر کے باڑہ بازار میں تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ بھی کی گئی۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کاکہنا ہےکہ دھماکا باڑہ تحصیل کمپاونڈ کے مرکزی گیٹ پر تلاش کے دوران ہوا جس میں ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کمپاؤنڈ کے اندر باڑہ تھانہ، سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں جب کہ تھانے کے اندر سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں باڑہ بازار میں دھماکا بظاہرخودکش لگ رہا ہے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں ایک لاش اور تین پولیس اہلکاروں سمیت چار زخمی لائے گئے ہیں۔
آئی جی کے پی کی گفتگو
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات کے مطابق کمپاؤنڈ پر دو دہشتگردوں نے حملہ کیا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلےکی کوشش کی، اہلکاروں نے حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔