آج یوم پاکستان قومی و روائتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اس دن کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی۔ قوم یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کیساتھ منارہی ہے کہ ملکی ترقی کیلئے سخت محنت کی جائیگی اور کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔
یوم پاکستان کی سب سے بڑی تقریب اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہے جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔
پریڈ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، وائس چیف آف ایئراسٹاف ایئر مارشل حامد رشید رندھاوا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈ مرل نوید اشرف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی شریک ہوئے اور سلامی لی۔
وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج کی جانب سے 31 توپوں کی سلامی دی گئی، پشاور اور لاہور میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا، اسی طرح کراچی اور کوئٹہ میں بھی اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔
یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیر فورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا اور فوجی دستے نے سلامی پیش کی۔
پریڈ کے دوران ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا، اس پریڈ میں ایف 17 پی جی چیتا لڑاکا، جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی اور جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں کا بھی شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا گیا۔