اسرائیل نے شام میں ایران کے سفارتخانے پر حملہ کر دیا۔ شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جس میں متعدد سفارتکار بھی شامل ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عمارت تباہ ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دمشق میں اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس بریگیڈز کے سینیئر کمانڈر محمد رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق میزائل حملے میں قونصلر سیکشن اور سفیر کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔
حملے پر ردعمل دیتے ہوئےپاکستان نے شام کے شہر دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرین کے اہل خانہ، عوام اور ایران کی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ شام کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے اور اس کے استحکام اور سلامتی کو نقصان پہنچاتا ہے۔