ذرائع کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں ایک افغان ڈکیت گینگ کا پردہ فاش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغان گروہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز اور دیگر گھناؤنے جرائم میں ملوث تھا۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار افراد کی شناخت جان آغا، امید گل عرف لغمانی اور عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جو فیس بک کے ذریعے درہ آدم خیل سے اسلحہ منگواتے تھے۔ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ ڈاکو 300 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی سے چھینے گئے موبائل افغانستان میں فروخت کیے گئے ہیں۔
افغان ڈکیت گروپ کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔16 مارچ کو کلری پولیس نے کراچی میں مختلف جرائم میں ملوث افغان ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان نے انکشاف کیا کہ افغان ڈکیت گینگ روشنیوں کے شہر میں مقیم شہریوں سے خونریزی اور لوٹ مار میں ملوث ہے۔تفتیش کے دوران افغان ڈکیت گینگ کے گرفتار سرغنہ عابد اللہ عرف کرزئی نے انکشاف کیا کہ اس کے گینگ کے ساتھی 13 فروری کو پولیس کانسٹیبل واحد پرویز اور ڈکیتی کے دوران ایک رینجرز اہلکار آصف کے قتل میں ملوث تھے۔