اسلام آباد میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان کا دورہ کریں گے۔
بھارتی دفتر خارجہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ جے شنکر کا شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان شیڈول کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 سے 16 اکتوبر تک پاکستان میں شیڈول ہے۔ پاکستان اور بھارت، شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل رکن ہیں۔
اس سے پہلے دسمبر 2015 میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کےلیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
بھارتی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے اعلان پر سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہمیں جے شنکر کے دورے کو مثبت لینا چاہیے کیونکہ ایس سی او سمٹ کی اپنی اہمیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے فیصلے کو سراہا جانا چاہیے، ایس سی او کا اجلاس بہت اہم ہے اور موجودہ صورتحال میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔