اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کیلئے وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ جس کے بعد پاک فوج نے اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھال لیں ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاک فوج آرٹیکل 245 کے تحت ایس سی او سمٹ کے دوران سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے گی اور فوج ایس سی او سمٹ کے دوران اسلام آباد میں 17 اکتوبر تک تعینات رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں پاک فوج کی تعیناتی 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک ہوگی۔ اس دوران دیگر سیکیورٹی ادارے پاک فوج کی معاونت کیلئے دستیاب ہونگے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں بھارت سمیت کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق فوجی دستے اسلام آباد اور گردونواح میں تعینات کیے جائیں گے اور یہ دستے انتشار پسندوں کے عقب سے کے پی سے روانہ ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس سی او سمٹ کی سکیورٹی کیلئے کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنایا جائے گا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ یہ سکیورٹی اقدامات شہریوں کی سلامتی اورتحفظ کو یقینی بنانے کیلیے اٹھائے جا رہے ہیں ۔