ضلع کرم میں قبائل کے مابین فائرنگ کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پاراچنار میں گاؤں شینگک کے قریب علاقہ بسو میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ، جس میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے کھیتوں میں کام کرنے والے افراد پر بھی فائرنگ کی۔ اہل علاقہ نے جوابی کارروائی کر کے مبینہ طور پر 2 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرم میں قبائل کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ اخری اطلاعات تک جاری ہے۔ واضح رہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب کنج علیزیی و مقبل میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔اس واقعے میں 16 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
دوسری جانب قبائلی عمائدین اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔