اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کے لیے ایران سمیت پڑوسی ممالک کے ساتھ ہے۔
اسرائیلی حملوں پر اپنے ردعمل میں وزیراعظم نےکہا کہ ایسے حملے نا صرف خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں بلکہ آزادی کے اصولوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہےکہ پاکستان امن کے لیے ایران سمیت پڑوسی ممالک کے ساتھ ہے۔ تمام فریقین کو اشتعال انگیزی سے باز رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین بھی کی ۔
دوسری جانب اسرائیلی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہےکہ اسرائیلی فوجی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے علاقائی امن اور استحکام کے راستے کے لیے نقصان دہ ہیں، حملے پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافےکا باعث ہیں،
ترجمان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی امن وسلامتی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل خطے میں اسرائیل کی لاپرواہی اور اس کے مجرمانہ رویےکے خاتمےکے لیے فوری اقدامات کرے