کابل:امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر افغان طالبان کا ردعمل سامنے آیا ہے ۔
افغانستان کی عبوری حکومت کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اافغان حکومت کو امید ہے اگلی امریکی انتظامیہ حقیقت پسندانہ اقدامات کرے گی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک کے تعلقات میں واضح پیش رفت ہوگی اور دونوں ممالک باہمی روابط کی روشنی میں تعلقات کے نئے باب کا آغاز کر سکیں گے۔
عبدالقہار بلخی کا کہنا تھا کہ امارت اسلامی افغانستان اور امریکا کے درمیان دوحہ معاہدے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورحکومت میں ہی دستخط ہوئے تھے اور اس کے بعد 20 سالہ قبضہ ختم ہوگیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ توقع ہے ٹرمپ خطے اور دنیا خصوصاً غزہ اور لبنان میں موجودہ جنگ کے خاتمے کیلئے تعمیری کردار ادا کریں گے۔