پشاور: محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے صوبے میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد عوامی جلسے جلوسوں کو ٹارگٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں لہذا کسی بھی قسم کی سماجی یا سیاسی سرگرمی کے لیے عوام الناس کے اجتماع سے گریز کیا جائے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ خود بھی گھروں میں رہیں اور اپنے پیاروں کو بھی گھروں میں محفوظ رکھیں۔ آپ کی زندگی آپ کا مستقبل آپ کے بچوں کی زندگی آپ کے بچوں کا مستقبل ہر چیز سے اہم ہے۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی کے قومی ادارے نیکٹا کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے احتجاج میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔
نیکٹا نے اسلام آباد میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے عوامی اجتماع پر دہشتگردوں کا حملہ ہوسکتا ہے۔
نیکٹا کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 19اور 20 نومبر کی درمیانی شب دہشت گرد پاک افغان باڈر سے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔
نیکٹا نے بالخصوص سیاسی جماعت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد پی ٹی آئی کے احتجاج میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں، سیکیورٹی سخت کردی جائے۔