عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر ایمل ولی خان نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کی حمایت کردی۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر ایمل ولی خان نے چارسدہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس دوران ایمل ولی خان نے پی ٹی آئی پر پابندی کی حمایت کی اور کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کی حمایت کرتے ہیں، پی ٹی آئی غیر جمہوری رویہ رکھتی ہے، میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ پی ٹی آئی گند ہے، اس کو ٹھکانے لگا دو جبکہ 9 مئی اور 24 نومبر کے واقعات پابندی کا بہترین جواز ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ اے این پی اور پی پی پی کے مابین نظریاتی جوڑ ہے اور ایک عرصے سے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ گورنر صاحب سے دہشت گردی اور کرم کے واقعے پر بات ہوئی جب کہ کرم واقعات پر تمام پختون غمزدہ ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی حمایت نہیں کریں گے، کیا گورنر کے پاس راج آنے سے مسائل حل ہوجائیں گے، گورنر راج سے پی ٹی آئی کو تو باہر کیا جاسکتا ہے لیکن مسائل نہیں، امن کے لیے ہر کسی کا ساتھ دیں گے لیکن گورنر راج مسئلے کا حل نہیں، گورنر راج سے صرف ضد اور انا پوری ہو گی۔
گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی
دوسری جانب گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اس وقت صوبے میں آگ لگی ہے اور صوبائی حکومت اسلام آباد میں آگ لگانے گئی جب کہ لوگ شہید ہورہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عمران خان کو چھڑوانے کے لیے اسلام آباد پر چڑھائی کر رہی ہے جبکہ احتجاج میں پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر نہیں پکڑا گیا اور پنجاب سے بھی کوئی نہیں نکلا۔ گورنر پختونخوا نے مزید کہا کہ امن و امان اور صوبائی حکومت کے حوالے تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور پانچ دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کرنے جا رہے ہیں۔