اسلام آباد(ویب ڈیسک) سول نافرمانی کال کو موخر کرنے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے ،ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبران نے عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سول نافرمانی تحریک پر بریفنگ دی ۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کو بتایا کہ عوام اس کال کیلئے بالکل بھی تیار نہیں ہیں، خیبر پختونخوا میں سول نافرمانی کا تحریک انصاف کو نقصان ہے، جبکہ وفاق سول نافرمانی کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں پر غداری کے پرچے کاٹنے کیلئے تیار ہے ۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو یہ بھی بتایا گیا کہ لاکھوں اوورسیز پاکستانیوں میں تحریک انصاف کے کارکن 10 سے 15 ہزار ہیں اور انکی بھی کوئی گارنٹی نہیں کہ یہ اپنے گھروں کو پیسے نہیں بھیجیں گے ۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جب عمران خان کو اسکے آخری کارڈ کے بھیانک نتائج سے آگاہ کیا تو عمران خان شدید پریشانی میں نظر آئے ۔
عمران خان کو اس بات کا بھی غصہ تھا کہ حکومت کی جانب سے اب تک تحریک انصاف کو سول نافرمانی موخر کرنے یا مذاکرات کرنے کی کوئی پیشکش تک نہیں کی گئی ۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ فی الحال ایک ہفتے تک مذاکرات کی پیشکش کا انتظار کریں، جبکہ اس دوران سوچ و بچار کرکے سول نافرمانی کے علاوہ کوئی اور طریقہ اختیار کرکے حکومت پر دباؤ ڈالنے کا راستہ ڈھونڈیں ۔