اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے حوالے سے تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیراعظم شہبازشریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔
تقریب سے خطاب میں صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھاکہ یو اے ای نے شاندار ترقی کی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں اور مشکل وقت میں یو اے ای کی امداد اور تعاون پر مشکور ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ قومی دن کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اورعوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اتحاد کے بعد سے متحدہ عرب امارات نے قابل ذکر ترقی کی، عرب امارات تجارت، سرمایہ کاری اورسیاحت کے شعبوں میں عالمی مرکز کے طور پر ابھرا ۔
صدرمملکت کا کہناتھاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی رشتہ ہے، شیخ زاید بن سلطان النہیان نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدارتعلقات کی بنیاد رکھی اور پاک متحدہ عرب امارات تعلقات مذہب، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان نے یو اے ای کے قیام سے 6 ماہ قبل ہی سفیربھیج کرسفارتی نمائندگی قائم کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یو اے کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان یو اے ای کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرے گا ۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتاہوں، متحدہ عرب امارات نے خوشحالی اور ترقی کی مثال قائم کی ہے، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ یو اے ای کے تعاون کے بغیر آئی ایم ایف پروگرام مکمل نہیں ہوسکتا تھا ۔