ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹریٹجک اینڈ ڈیجیٹل کمیونیکیشن اے وی ٹی چینلز (خیبر ٹی وی نیٹ ورک) کیوان حامد راجہ نے حال ہی میں ڈی ایچ اے پشاور کا دورہ کیا۔ ڈی ایچ اے پشاور پہنچنے پر ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر ہارون رحیم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کےلیے بھی بات چیت کی۔ میٹنگ کے دوران اے وی ٹی چینلز اور ڈی ایچ اے پشاور کے اشتراک سے حال ہی میں منعقد کیے جانے والے ایونٹ ونٹر فیسٹ 2024 کی کامیابی پر بھی گفتگو کی گئی۔ یاد رہے اس ایونٹ کو ڈی ایچ اے پشاور نے تعاون فراہم کیا تھا۔
بریگیڈیئر رحیم نے پشتون ثقافت کو فروغ دینے کے لیے اے وی ٹی چینلز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اے وی ٹی چینلز اپنے پروگرامز کے ذریعے پشتو روایات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اے وی ٹی چینلز نیٹ ورک نے اپنے چینلز کے ذریعے پشتون ثقافتی ورثے کی ترویج اور تحفظ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں اور اپنے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعےپشتون کمیونٹی کی روایات، زبان اور اقدار کو اجاگر کیا ہے۔
ملاقات کے دوران، کیوان حامد راجہ نے ونٹر فیسٹ 2024 کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے میں DHA پشاور کے اہم تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پشاور شہر کی ترقی میں ڈی ایچ اے پشاور کے تعاون کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے، کمیونٹی کی ترقی کو فروغ دینے اور رہائشیوں کے معیار زندگی کو بڑھانے میں ڈی ایچ اے پشاور کے کردار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں تعاون کے ممکنہ مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کا اختتام تحائف اور یادگاری اشیاء کے تبادلے پر ہوا۔ بریگیڈیئر رحیم نے کیوان حامد راجہ کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔ اے وی ٹی چینلز پشاور سنٹر کے سٹیشن منیجر کامران جان کو بھی ونٹر فیسٹ 2024 میں ان کے شاندار کردار پر شیلڈ دی گئی۔
دورے کے دوران اے وی ٹی چینلز کے وفد کے دیگر ارکان کو بھی تحائف پیش کئے گئے جن میں عثمان امین، اے جی ایم پروڈکشن خیبر ڈیجیٹل (نارتھ)، محمد امین مشعل، منیجر کوآرڈینیشن خیبر ڈیجیٹل (نارتھ)، معروف پشتو گلوکار اکبر علی، وقار خان اور ہانیہ فہمی شامل تھے۔