پی ٹی آئی کے سابق رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کو سزا ملنی ہی ملنی ہے، عمران خان پہلے بدمعاشی کی سیاست کر رہے تھے اور اب کشکول لے کر کھڑے ہو گئے ہیں۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’ عمران خان ٹرمپ کا انتظار اور ٹرمپ کارڈ کھیلنا چھوڑ دیں ، 20 جنوری سے پہلے تحریک انصاف کے لئے سرپرائز آئے گا ‘۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ مقبول ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ آسمانی مخلوق ہیں، آپ نے ریاست کی تنصیبات کو آگ لگائی اور آپ سمجھ رہے تھے کہ بدمعاشی کے ذریعے مسائل حل ہوں گے، پہلے بدمعاشی کی سیاست کر رہے تھے اور اب کشکول لے کر کھڑے ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پورے خطے کے اندر پاکستان کا بہتر مستقبل ہے، بہت جلد عالمی طور پر ہوائیں پاکستان کے حق میں چلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ملنی ہی ملنی ہے، ان کو کہا تھا کہ ایسے کام نہ کریں نیب کا کیس بن جائے گا، یہ چوری دن دیہاڑے ہوئی ہے، بندوق بانی پی ٹی آئی نے چلائی ہے وہ بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کورٹس بری تھیں اب اچھی ہونے جا رہی ہیں اور جو فوج بری تھی وہ اچھی ہونے جا رہی ہے لیکن قوم دیکھ رہی ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ آج ایک مرتبہ پھر مؤخر کردیا گیا۔ اب فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔