شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے 2 آپریشنز کے دوران 9 خوارج ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسیلی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے دوران 6 خوارج کو واصل جہنم کر دیا جبکہ 2 خوارج پکڑے گئے۔
عیشام میں دوسرے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک اور 2 خوارج زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ وہ سیکیورٹی فورسز کیخلاف کارروائیوں اور عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔