پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا میں 24 اور 25 جنوری کو سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر تین الگ الگ کامیاب آپریشنز کئے ،جس میں 30 دہشتگرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے پہلی کارروائی ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس بنیاد پر کی جس میں 18 دہشتگرد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دوسری کارروائی بھی خفیہ اطلاع پر ضلع کرک میں کی گئی جس میں 8 دہشتگردوں کو ہلاک کيا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تيسري کارروائی ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کی گئی جس ميں دہشتگرد رہنما عزیز الرحمان عرف قاری اسماعیل اور دہشتگرد مخلص سمیت 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں ۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے علاوہ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے ۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور دہشتگرد کی تلاش کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں ۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں ۔