تحریر: رحیم شامزئی: ۔
مردان کے علاقے ساولڈھیر میں گزشتہ دنوں پیش آنے والا واقعہ محض ایک سنگین جرم نہیں، بلکہ ہمارے معاشرتی نظام کی اندرونی خرابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جہاں ایک ماں نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنے آٹھ سالہ معصوم بیٹے عیسیٰ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور بعد ازاں خودکشی کی نیت سے خود کو بھی گولی مار لی، پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ جبر کی حدود میں پیش آیا، جہاں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بچے کی لاش ہسپتال منتقل کی گئی جبکہ شدید زخمی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا، مقتول بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ واردات کے محرکات کا تعین کیا جاسکے ۔
گزشتہ دنوں پیش آنے والا یہ واقعہ اس بات کا غماز ہے کہ کس طرح معاشی بدحالی، ذہنی دباؤ اور سماجی تنہائی ایک ماں کو اس حد تک مجبور کر سکتی ہے کہ وہ اپنی ہی جگر گوشے کی جان لے لے، ایک ماں کا روپ محبت اور قربانی کا استعارہ ہوتا ہے، لیکن جب وہی ماں قاتل بن جائے تو یہ معاشرے کے لیے ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، جیسا کہ ایک تجزیے میں درست کہا گیا ہے، جب ایک ماں اپنے ہی بچوں کے حلق میں دودھ کے بجائے موت اتار دے تو یہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ ریاست، سماج اور خاندانی نظام کی اجتماعی ناکامی کا نوحہ ہے ۔
اس المیے کی جڑوں کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ محض معاشی تنگی کا معاملہ نہیں، بلکہ اعتبار کے ٹوٹنے اور سماجی تحفظ کے خاتمے کا کرب بھی ہے، جب گھر کا محافظ کہلانے والا شوہر اپنی معاشی بے بسی کا غصہ بیوی پر نکالنے لگے اور اسے شک کی سولی پر چڑھا دے، تو مامتا کا مان ٹوٹ جاتا ہے، سوشل میڈیا کی مصنوعی چکا چوند اور حقیقی زندگی کی تلخیوں نے ایسی عورت کو ایک نفسیاتی بند گلی میں دھکیل دیا جہاں اسے اپنے بچے کا مستقبل اندھیرے کے سوا کچھ نظر نہ آیا، اور اس نے سوچا ہوگا کہ اسے اس بے رحم دنیا میں ٹھوکریں کھانے کے لیے چھوڑنے سے بہتر ہے کہ ابدی نیند سلا دیا جائے ۔
اس واقعے کا سب سے تکلیف دہ پہلو یہ ہے کہ اسی گھر کے ساتھ والے کمرے میں سگے رشتے موجود تھے، مگر کسی کو اس خاموش چیخ کا احساس نہ ہوا جو دیوار کے پیچھے دم توڑ رہی تھی۔ یہ ہماری اس معاشرتی بے حسی پر تازیانہ ہے جہاں ہم پڑوسی تو دور، اپنے سگے خون کی تکلیف سے بھی بے خبر ہوتے جا رہے ہیں ۔
ہمیں اس واقعے کو محض ایک کرمنل کیس سمجھ کر نظر انداز کرنے کے بجائے، اس کی سماجی وجوہات کا جائزہ لینا ہوگا۔ معاشرے کو ایسے افراد کے لیے نفسیاتی معاونت اور سماجی تحفظ کا نظام فراہم کرنا ہوگا، تاکہ مامتا کی ایسی موتیں روکی جا سکیں ۔

