خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 22 دہشتگردوں کو اپنے انجام تک پہنچا دیا، آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 16 اور 17 نومبر کو مختلف آپریشنز کے دوران کی گئیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔
بیان کے مطابق بنوں میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 الگ الگ جھڑپیں ہوئیں، اس دوران اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانوں کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے مزید 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔
اسی طرح ٹانک میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، سیکیورٹی فورسز کی تینوں اضلاع میں مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکانات ختم کرنے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے ۔
قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک میں غیر ملکی معاونت اور سرپرستی سے سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جاسکے ۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: ۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
انہوں نے 22 خوارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔

