اسلام آباد: پاکستان کے خلائی پروگرام میں تاریخی پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا میں جانے کے لیے تیار ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری میں بھی ایک اہم سنگِ میل ہے۔
پاکستانی خلا باز بطور ’’پے لوڈ اسپیشلسٹ‘‘ مشن میں شامل ہوں گے اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے پاکستانی خلا باز کی شینزو 24 خلائی جہاز کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن روانگی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق دو پاکستانی امیدواروں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے چین میں اپنی خلائی تربیت کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔
دونوں امیدواروں میں سے ایک خلا باز اس تاریخی مشن پر روانہ ہوگا۔
چینی خلائی ادارے نے شینزو 24 مشن کا باضابطہ لوگو بھی جاری کردیا ہے، جس میں پاکستان کا قومی پھول چنبیلی خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق لوگو میں چنبیلی کے پھول کی شمولیت پاکستان اور چین کی لازوال دوستی، قریبی تعاون اور زمین سے خلا تک پھیلی شراکت داری کی علامت ہے۔
ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی کامیابی پاکستان کے انسانی خلائی پرواز کے پروگرام اور خلائی تحقیق کے سفر میں ایک بڑا قدم ہے۔
شینزو 24 مشن خلا کے پُرامن استعمال اور سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے پاک چین بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

