بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں آمد کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اخراجات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے جیل میں ماہانہ اخراجات 7 لاکھ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ اس اضافے کی بڑی وجہ بشریٰ بی بی کا جیل میں ہونا ہے، جس سے اخراجات میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا پہلے ماہانہ خرچ 4 سے 5 لاکھ روپے تھا، تاہم بشریٰ بی بی کے ساتھ رہنے کے بعد یہ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کا مینیو خود طے کرتے ہیں۔ ان کے لیے کھانے کی تیاری ایک الگ کچن میں کی جاتی ہے، جہاں مشقتی ان کا اور بشریٰ بی بی کا کھانا تیار کرتے ہیں۔ جیل مینیو کا کھانا وہ پسند نہیں کرتے، اسی لیے ان کا کھانے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی ناشتے میں فریش جوس اور ناریل کھانے کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ دن میں تین مرتبہ کافی پیتے ہیں۔ ان کے کھانے کی تیاری کے بعد ماہر نیوٹریشنسٹ اسے چیک کرتے ہیں۔ وہ خاص طور پر پنک سالمن فش اور دیسی مرغ کی یخنی پسند کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے لیے جیل میں ہر روز ان کی پسند کے مطابق کھانا تیار کیا جاتا ہے۔