خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول یشور، چارسدہ، سوات اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے اور سولر پینل ٹوٹ گئے ۔
صوبے کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری سے تیار فصلوں اور پھلوں کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، چارسدہ کی تحصیل تنگی میں آسمانی بجلی گرنے سے آٹھ افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
اسی طرح رستم کے ٹائپ ڈی ہسپتال کے اندر آسمانی بجلی گرنے سے درخت گر گئے، ہسپتال انتظامیہ اور علاقہ مکینوں نے درخت سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا ،ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر شاہنواز کا کہنا تھا کہ تیز بارش کے دوران درخت پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی تھی ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت میں اگلے دو سے 4 گھنٹوں میں شدید بارش اور زالہ باری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو انتباہ جاری کردیا ۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور قریبی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔
این ڈی ایم اے کے این ای او سی کی جانب سے پنجاب، اسلام آباد اور شمالی علاقہ جات میں ممکنہ موسم کی صورت حال پر ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے اور مختلف علاقوں میں اگلے 12گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش، آندھی اور متعد د مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
ایڈوائزری کے مطابق بالائی پنجاب میں اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، وسطی پنجاب میں فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور آندھی کا امکان ہے ۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش اور طوفانی ہوائیں کمزور درختوں کے گرنے کے باعث بجلی کی بندش اور آندھی اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، چھتوں، گاڑیوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔
شمالی علاقہ جارت بشمول دیر، سوات، کوہستان، چترال، مانسہرہ، کرم، خیبر، مہمند، باجوڑ اور وادی نیلم کے ندی نالوں میں 18 سے 20 اپریل کے دوران ممکنہ سیلابی صورت حال کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے ۔