پشاور: ریسکیو ترجمان کے مطابق رنگ روڈ مال منڈی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید، 2 زخمی ہو گئے ۔
رنگ روڈ میں واقع مال منڈی کے قریب خودکش حملہ آور نے پولیس موبائل کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔
دھماکے کے بعد ریسکیو اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی جہاں سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تفتیشی حکام نے شواہد اکھٹے کیے ۔
ریسکیو پشاور کے ترجمان بلال احمد نے بتایا کہ دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
ہسپتال منتقلی کے بعد سب انسپکٹر اور کانسٹیبل شہید ہوگئے، شہید اے ایس آئی کی شناخت لیئق زادہ خان اور کانسٹیبل کی عالم زیب کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ واقعے میں پولیس اہلکار (ڈرائیور) صداقت زخمی ہوئے ہیں ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت جبکہ لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا اعلی مرتبہ پایا۔ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے پولیس کے جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔